انوار الحق کاکڑ کی محمد بن سلمان سے سائیڈ لائن ملاقات
شیعہ نیوز: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عرب و اسلامی ممالک کے غیرمعمولی ہنگامی اجلاس کی سائیڈ لائن پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی جاری جارحیت اور تازہ ترین صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اس ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے ایکس پہ لکھا کہ وزیراعظم کاکڑ نے حرمین شریفین کے متولی اور ولی عہد شہزادہ کی مدبرانہ قیادت میں فلسطینی کاز کو فروغ دینے کے لیے مملکت سعودی عرب کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ نگراں وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر مشترکہ عرب اسلامی ایکشن کو تیار کرنے کے لیے سربراہی اجلاس بلانے کے بروقت اقدام پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کو محصور اور معصوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔