سپیشل کوآرڈینیٹرز کی تقرری سنگین غلطی ہو گی، کاظم میثم
شیعہ نیوز: اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی مالی پوزیشن بہت خراب ہے، اس کے پاس ڈسپرین خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں، اتنے بڑے معاشی حالات کے باوجود دس اسپیشل کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کی تیاریاں ہو رہی ہیں یہ محض چہیتوں کو نوازنے کے سوا کچھ نہیں ہے، تقرریاں غلطی ہوگی، ہم چاہتے ہیں کہ مالی وسائل کی کمی کے پیش نظر بڑی تعداد میں کوآرڈینیٹرز کی تقرریوں کے فیصلے کو واپس لیا جائے ورنہ بڑا ردعمل آئے گا۔ عوام اس دفعہ حکومت کو چھوڑنے کیلئے تیار نظر نہیں آتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں کاظم میثم نے کہا کہ ہم کوئی منفی سیاست نہیں کرتے حکومت وہ کام کرے جو عوام کے مفاد میں ہے۔ عوام کا حافظہ اتنا کمزور نہیں ہے۔ چند ہفتہ قبل مالی پوزیشن خراب ہونے کا بہانہ بنا کر حکومت نے گندم کی قیمت بڑھائی تھی اور لوگوں کو 35 دن سڑکوں پر دھرنے دینا پڑے پھر حکومت گندم کی اضافی قیمت واپس لینے پر مجبور ہو گئی۔ آج وہ دس اسپشل کوارڈینیٹرز کی تقرری کی تیاری کر رہی ہے، اس طرح وہ علاقے میں ایک نئے بحران کو جنم دینا چاہتی ہے، علاقہ کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہو سکتا، دس سپیشل کوآرڈینیٹرز کی تقرری علاقے کے عوام کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔