پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

توہین صحابہ ترمیمی بل، آئمہ جمعہ بل کو مسترد کرنیکی قراردادیں منظور کریں، علامہ شبیر میثمی

شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے فوجداری ترمیمی ایکٹ 2021ء کی منظوری کے طریقہ کار کو بوگس قرار دیتے ہوئے روز جمعہ کو مساجد میں خطباء کو اس بل پر قوم کو آگاہ کرنے اور اس بل کو مسترد کرنے کی قراردادیں منظور کروا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی اپیل کی ہے۔ متنازعہ بل سے متعلق اپنے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری کے وقت 360 ارکان کی اسمبلی میں صرف 20 سے 25 ارکان موجود تھے، جو اس امر کا عکاس ہے کہ قومی اسمبلی کا نہ تو کورم پورا تھا اور نہ ہی اسمبلی کی اکثریت موجود تھی بلکہ ایوان حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان سے خالی تھا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک خاتون وزیر کے علاوہ وزراء اور خود اسپیکر بھی موجود نہ تھے اور ایسے عالم میں ایک بل کی متنازعہ ترامیم کو منظور کرانا بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا شکار ہے، ایسے میں یہ قانون انتہاء پسند عناصر کے ہاتھ میں ہتھیار دینے کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور اپوزیشن جماعتوں کی انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی ترامیم کو خاموشی سے منظور کرا دینے کی پالیسی سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود حکمران اور اپوزیشن ارکان بری طرح انتہاء پسندوں کے دباؤ میں ہیں اور اس اقدام سے خود انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کا موجب بھی بن رہے ہیں اور یہ بل اسی کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ عوام کو سنے بغیر اس قسم کی قانون سازی کرنا بے انصافی اور حکمرانوں کی کمزوری کی دلیل ہے۔ انہوں کہا کہ ہم کسی کی مقدسات کی توہین کے ہرگز قائل نہیں اور ہماری قیادت ملک میں اتحاد بین المسلیمن کے بانی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچھ عناصر کو اتحاد و وحدت کی یہ فضاء ایک آنکھ نہیں بھاتی اور وہ اسی فضاء کو سبوتاژ کرکے ملک کو ایک بار پھر فرقہ واریت اور انتشار کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، جس کی کوئی محب وطن پاکستانی ہرگز اجازت نہیں دے سکتا۔

علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ اس بل کو پیش کرنے والا فرد جس طرح غیر سنجیدہ ہے، اسی طرح قومی اسمبلی میں موجود اراکین قومی اسمبلی نے بھی اس بل کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، لہذا وہ ایوان بالا سینیٹ کے ارکان کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اس متنازعہ ترامیمی بل کو مسترد کر دیں۔ انہوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس متنازعہ ترامیمی بل پر دستخط نہ کرکے وطن عزیز کو کسی بھی مزید بحران سے دوچار ہونے سے بچائیں۔ دوسری جانب علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بروز جمعہ تمام مساجد کے خطباء سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ کے اجتماعات میں اس ترمیمی بل کو مسترد کرنے کی قراردادیں منظور کریں اور عوام کو اس بل کی متنازعہ ترامیم کے حوالے سے آگاہ کریں اور آئندہ کے کسی بھی لائحہ عمل کے لئے تیار رہنے کا پیغام دیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button