ملک میں امن کیلئے دہشتگردی کی جڑوں کو کاٹنا ہوگا، علامہ اسدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقعہ پر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کی پوری قوم نے غیر معمولی قیمت چکائی ہے۔ آرمی پبلک سکول کے شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، نہتے اور معصوم طلباء کو نشانہ بنا کر دشمن نے اپنے کم ظرف ہونے کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو سب سے زیادہ نقصان انتہاء پسندی نے پہنچایا ہے، ملک دشمن عناصر کیخلاف پوری قوم متحد اور انہیں قانون کے مطابق عبرتناک سزاؤں سے دوچار دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کامیابی کیساتھ حتمی مراحل کی طرف بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، اس ملک کو دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کیلئے دہشتگردوں کی جڑوں کو کاٹنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندانہ رجحان رکھنے والے مذہبی ادارے دہشت گردوں کی وہ نرسریاں ہیں، جو دہشت گرد عناصر کی فکری نشوونما میں مصروف ہیں، ان تمام اداروں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، جو تکفیر کے پرچار میں مصروف ہیں، بلوچستان سمیت پورے ملک میں ایسے عناصر موجود ہیں، جو میڈیا پر بیٹھ کر منافرت کے بیج بو رہے ہیں اور دہشت گردی کی بنیاد بن رہے ہیں۔ ان عناصر کے ساتھ غیر ضروری لچک نے ان کے حوصلوں کو تقویت دے رکھی ہے۔ جب ملک و قوم کی سلامتی کا مسئلہ ہو تو پھر ریاست کو کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں کی بیخ کنی ہر محب وطن کا مطالبہ ہے، جو بالآخر پورا ہو کر رہے گا۔