عرب صحافیوں کی اسرائیل کے ساتھ دوستانہ دوروں کی شدید مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین نیشنل پریس کلب نےعرب ممالک کے صحافیوں کے صیہونی ریاست کے ساتھ دوستانہ دوروں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی پریس کلب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض عرب ممالک کے صحافی صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو نارملائز کرنے اور صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوارکرنے کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ یہ صحافی صیہونی ریاست کے جرائم کا پردہ چاک کرنے کے بجائے اس کے جرائم پر پردہ ڈال رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرب ممالک کے صحافیوں کو صیہونی ریاست کے دوستانہ دوروں کے بجائے فلسطینی مقدسات کی صیہونیوں کے ہاتھوں ہونے والی بےحرمتی، اسرائیلی قید خانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور روز مرہ کی بنیاد پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی پر آواز بلند کرنی چاہیے۔ عرب ممالک کے لیے یہ قطعا نا مناسب ہےکہ وہ اپنے صحافیوں کو اپنے سفیر بنا کر صیہونی ریاست کے ساتھ دوستی کی راہ ہموار کرنے کے لیے بھیجیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرب ممالک کے صحافیوں کے صیہونی ریاست کے ساتھ دوستانہ دورے فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی ریاست کے جرائم کی حمایت کے مترادف ہے۔