عرب لیگ کا بے بنیاد دعویٰ، ایرانی سفیر کا سلامتی کونسل کو خط
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے سلامتی کونسل کے نام خط میں عرب لیگ کی جانب سے ایرانی جزائر کے بارے میں دعوے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کو عرب لیگ کے بے بنیاد دعوے کے بارے میں خط لکھا ہے۔
سعید ایروانی نے اپنے خط میں عرب لیگ دعوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاسداران انقلاب اسلامی فوج نے ایک دہشت گرد تنظیم کا قلعہ قمع کیا
انہوں نے کہا ہے کہ عرب لیگ کا اقدام ہمسایہ ممالک کا آپس میں صلح مشورے کے ساتھ بیٹھنے اور حسن معاشرت کے منافی ہے۔ اس طرح کے اقدامات انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف ہیں۔ ایران خلیج فارس میں واقع جزائر ابو موسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک پر اپنی حاکمیت پر سخت تاکید کرتا ہے۔
ایروانی نے مزید لکھا ہے کہ عرب لیگ کے بیانیے میں خلیج فارس کے لئے جعلی نام استعمال کرنا قابل مذمت ہے جس کو کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
ایران تاکید کرتا ہے کہ اس علاقے کا واحد نام خلیج فارس ہے جو زمانہ قدیم سے مستعمل ہے۔ عالمی سطح پر معتبر تمام اداروں نے اپنے نقشوں میں اس علاقے کو خلیج فارس کے نام سے یاد کیا ہے۔