عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان عدم جنگ کا معاہدہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے وزیر خارجہ نے اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان نئے معاہدے کا پردہ فاش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور عرب ممالک کی قربت میں اضافہ ہوا ہے اسرائیل اور عرب ممالک ایران کے خلاف ایک پیج پر جمع ہوسکتے ہیں اور آپس میں عدم جنگ کا معاہدہ کرسکتے ہیں۔
اسرائیل کے وزير خارجہ اسرائيل کاٹز کا کہنا ہے کہ خلیج فارس کی عرب ریاستوں کے ساتھ اسرائیل کے خفیہ مذاکرات اور تعلقات جاری ہیں ۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے اس معاہدے کے مسودے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے ضمن میں بعض عرب ممالک کے وزراء خارجہ کے سامنے پیش کیا ہے جس میں عرب اور اسرائیل کے باہمی اتحاد اور امن معاہدے پر تاکید کی گئی ہے۔
اس معاہدے کی 4 شقوں میں باہمی تعاون اور دوستی کو فروغ دینا، عدم جنگ اور امن و صلح کا معاہدہ، اسرائیل اور عربوں کا کسی تیسرے فریق سے اتحاد نہ کرنا اور دوطرفہ اختلافات کو باہمی مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا شامل ہیں۔
عرب ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت خلیج فارس کی دیگر عرب ریاستیں مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں آشکارا خیانت کا ارتکاب کررہی ہیں اور وہ اسلام اور مسلمانوں کی پشت میں خنچر گھونپنے کی کوشش کررہی ہیں۔
اسرائیل کی غاصب حکومت کے ساتھ تعاون عالم اسلام کے ساتھ آشکارا غداری ہے جسے امت مسلمہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں کرے گی اور وہ خائن عرب حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیواار بن جائےگی۔