مشرق وسطی

غزہ کے لیے فوری اور محفوظ انسانی راہداریوں کا قیام ناگزیر ہوچکا، عرب پارلیمان کا مطالبہ

شیعہ نیوز: عرب پارلیمان نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر اور یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہنگامی خطوط ارسال کیے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قابض اسرائیل کے جاری وحشیانہ حملوں کے باعث غزہ کے معصوم بچوں کو بھوک سے موت کے منہ میں جانے سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر عملی اقدام کیا جائے۔

عرب پارلیمان کے سربراہ محمد الیمانی نے اتوار کے روز جاری بیان میں خبردار کیا کہ "غزہ میں انسانی صورت حال بے حد تشویشناک ہو چکی ہے، جہاں بچے شدید بھوک، ناقص غذائیت اور دوا کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں”۔

انہوں نے بتایا کہ قابض اسرائیلی منظم پالیسی کے تحت غزہ کے باسیوں کو بھوکا رکھنے، پانی و صحت کی سہولیات سے محروم کرنے اور خوراک کی رسد بند کرنے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب بین الاقوامی انسانی قوانین اور بچوں کے حقوق کی عالمی کنونشن کی صریح خلاف ورزیاں ہیں، جو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خالصتان رہنما گرپتونت سنگھ کی بھارت کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی دھمکی

الیمانی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وقت ختم ہونے سے پہلے فوری اور سنجیدہ اقدام اٹھایا جائے تاکہ مستقل اور محفوظ انسانی راہداریوں کے ذریعے خوراک اور طبی امداد غزہ میں بغیر کسی تاخیر کے پہنچائی جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ قابض اسرائیل کو بین الاقوامی قانونی و انسانی ذمہ داریاں یاد دلائی جائیں اور مجبور کیا جائے کہ وہ عام شہریوں، بالخصوص بچوں، کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

الیمانی نے یقین دلایا کہ عرب پارلیمان اپنی سیاسی و قانونی جدوجہد جاری رکھے گا، چاہے وہ خطے کی سطح پر ہو یا عالمی پارلیمانی پلیٹ فارمز پر، تاکہ فلسطینی بچوں کو محفوظ، باوقار اور انسانی زندگی گزارنے کا حق دلایا جا سکے۔

واضح رہے کہ قابض اسرائیلی افواج گزشتہ تقریباً دس ہفتوں سے غزہ میں کسی بھی قسم کی امدادی اشیاء داخلے کی اجازت نہیں دے رہیں، جس کے نتیجے میں علاقہ بھر کی تمام روٹی ساز بیکریاں، کمیونٹی کچن اور فلاحی ادارے بند ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ ان کے ذخائر میں موجود بچوں کا دودھ اور دیگر ضروری اشیاء مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button