
آرامکو حملہ: امریکہ کے ایران پر الزام لگانے کی وجہ سامنے آگئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ نے تیل تنصیبات پرحملوں کو جواز بناتے ہوئے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جب امریکی وزیر خارجہ مائیک پوپمپو نے سعودی عرب میں ہونے والے تیل تنصیبات حملوں کا الزام ایران پرعائد کیا تھا، اسی روز ایران کے ترجمان وزارت خارجہ عباس موسوی نے بھی حملے کے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ایسے الزامات لگا کر کارروائی کا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
عباس موسوی کے الفاظ کے عین مطابق، امریکہ کبھی ایران کو دھمکاتا ہے تو کبھی سعودی عرب کو ایران پر حملہ کرنے کے لئے بہکاتا ہے۔
بقول موسوی، ایران پر یہ من گھڑت اور بےبنیاد الزامات لگانے کے پیچھے امریکہ کا مقصد محض ایران کے خلاف کارروائی کا جواز پیدا کرنا ہے۔
اب ان کا دعوی سچا ثابت ہو گیا ہے اور امریکہ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔
ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ نئی پابندیوں میں کن ایرانی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت امریکی انتظامیہ کے متعدد اہلکار سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا الزام ایران پر دھر رہے ہیں جبکہ ایران اس الزام کی سختی سے تردید کررہا ہے۔