مشرق وسطی

اربعین ملین مارچ کے کروڑوں زائرین کربلا معلیٰ پہنچ گئے

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اربعین ملین مارچ کے زائرین آج اپنے ہدف تک پہنچ گئے اور کربلا کی سرزمین پر براجمان ہو گئے۔

گذشتہ کئی دنوں سے جاری اپنی نوعیت کا منفرد و بے مثال اربعین ملین مارچ اپنی منزل و ہدف کوپہنچ گیا ہے۔ دنیا کے کونے کونے سے ہوائی جہازوں، ٹرینوں، بسوں اور ذاتی گاڑیوں سے آنے والے عاشقان حسینؑ، نجف اشرف سے کربلا معلیٰ کی طرف رواں دواں تھے بین الحرمین پہنچ گئے اورسیدالشہداءؑ کے حرم میں داخل ہو کر اپنے قلب و ذہن کو حسینیؑ نور سے روشن و منور کردیا۔

اربعین ملین مارچ میں شرکت کرنیوالوں کی باطنی تبدیلیوں کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ چند دن کی اس ریاضت نے زائر کے قلب و روح کو ایک نئی دنیا سے آشنا کردیا ہے، ایک ایسی دنیا جس کا مرکز و محور نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کی ذات ہے، ایسی دنیا جس میں ذات کی صرف اور صرف ایک پہچان ہے اور وہ پہچان حسینی ہونا ہے۔

اربعین ملین مارچ میں شریک ہر زائر اپنے آپ کو ایک ایسے بے کراں کربلائی سمندر سے متصل کرلیتا ہے، جسکی آخری انتہاء ایسی عالمی حکومت اور ایسے آفاقی مثالی معاشرے کا قیام ہے کہ جس معاشرے کی ہر نبیؑ و رسلؑ اور امامؑ نے آرزو کی تھی۔

اربعین ملین مارچ جہاں اتحاد و وحدت اور امن و آشتی کا پیغام اور اعلیٰ و ارفعٰ انسانی اقدار کا عملی مظہر ہے، وہیں خوف و ہراس، حزن و ملال، مایوسیوں، جہالتوں اور گمراہیوں کے گھٹاٹوپ اندھیرے سے مصباح الھدیٰ کے ذریعے سفینۃ النجات تک پہنچنے کا وسیلہ بھی ہے۔

اربعین ملین مارچ نے ایک بار پھر ببانگ دہل اعلان کر دیا ہے کہ کربلا کے لق و دق صحرا میں جو مقدس خون بہا تھا وہ آج بھی انسانیت کی رگوں میں گردش کرتے ہوئے پکار پکار کر کہہ رہا ہے ’’ ھیھات من الذلہ‘‘، ذلت ہم سے دور ہے۔ اور ہم حسینی ہیں اورلبیک یا حسینؑ، لبیک یا مہدیؑ کا نعرہ لگاتے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button