بھرپور رابطوں کے بعد زائرین کربلا کی مشکلات ختم ہوگئیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی دفتر سے جاری بیان میں ترجمان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ بھرپور کوششوں اور رابطوں کے بعد عراقی ویزے کے حصول میں رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ زائرین بغیر کسی پریشانی کے قواعد کے مطابق عراقی قونصلیٹ سے رجوع فرمائیں، بذریعہ زمینی راستے زیارات پر جانیوالے کانوائے کا سلسلہ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔
مرکزی دفتر کی جانب زائرین کربلا ئے معلی کےلئے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیاہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور مرکزی دفتر کے پاکستان میں اعلیٰ سطحی رابطوں، مسلسل ، بھرپور کاوشوں اور اسی طر ح دفتر نجف اشرف کی طرف سے قدیم ترین اسلامی علمی مرکزحوزہ علمیہ کے بزرگان مراجع عظام کے دفاترسے رابطوں کے نتیجے میں عراقی قونصلیٹ اسلام آباد نے پا کستانی زائرین کےلئے اربعین کے لئے ویزوں کا اجرا شروع کردیاہے۔ اس سلسلے میں زائرین کرام ویزوں کے حصول کےلئے عراقی قونصلیٹ اسلام آباد سے قواعدو ضوابط کے مطابق رجوع فرمائیں تاکہ اربعین حسینی ؑ کے لئے کربلا معلی پہنچ سکیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار حضرات ایسے عوامل سے اجتناب کریں جن کے سبب امسال زائرین کے ویزوں میں تاخیر ہوئی،مزید یہ کہ کوئٹہ میں زائرین کے بے پناہ رش کے پیش نظر مرکزی سیکرٹری جنرل کے اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد 6اکتوبر 2019ءسے کانوائے کی روانگی تسلسل کے ساتھ جاری ہے، روانگی کا سلسلہ تین چار دنوں تک مکمل ہوجائےگا ۔زائرین کی خدمت کے پیش نظرشیعہ علماءکونسل اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے باہمی اشتراک سے شکارپوراور کوئٹہ میں کیمپ لگائے ہیں جس میں زائرین کے لئے تمام سہولیات موجود ہیں۔