اربعین ملین مارچ میں عاشقان حسینی کا سیلاب کربلا پہنچنا شروع
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اربعین حسینی میں شرکت کے لیے ایران سمیت دنیا بھر سے زائرین کی عراق کی جانب روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور عظیم اربعین مارچ میں شرکت کے لئے قافلے کربلائے معلی کی جانب رواں دواں ہیں۔
عراق سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اربعین حسینی جیسے جیسے قریب آتا جارہا ہے اربعین مارچ میں شریک قافلوں کی تعداد اور عاشقان حسینی کے جوش ولولے میں بھی بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
عراق کے مختلف شہروں اور خاص طور پر نجف اشرف سے کربلائے معلی پہنچنے والے سب ہی راستے زائرین اباعبداللہ الحسین سے مملو ہیں اور عاشقان حسینی کا ایک سیلاب ہے جو کربلائے معلی کی جانب امنڈتا چلا جارہا ہے۔
نجف اشرف سے روانہ ہونے والے زائرین کے قافلے اسّی کلومیٹر کا فاصلے طے کرنے کے بعد اب کربلائے معلی میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں جن میں بڑی تعداد میں ایرانی زائرین بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے دیگر ملکوں سے آنے والے کئی لاکھ زائرین بھی سیکڑوں قافلوں کی شکل میں نجف ۔ کربلا عظیم اربعین مارچ میں شریک ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق اس سال عظیم اربعین مارچ میں شریک عراقی، ایرانی اور دیگر ملکوں سے آنے والے زائرین کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے۔
ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس دو کروڑ کے قریب زائرین نے اربعین مارچ میں حصہ لیا تھا جن میں بیس لاکھ سے زائد ایرانی زائرین شامل تھے۔
کربلائے معلی کی انتظامیہ نے زائرین کی سیکورٹی اور خدمات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
درایں اثنا ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان وبلوچستان کے محکمہ راہداری کے سرپرست ایوب کرد نے بتایا ہے کہ تئیس ستمبر سے بارہ اکتوبر کے عرصے میں میرجاوہ کی سرحد سے ایران میں داخل ہونے والے پاکستانی زائرین کی تعداد اٹھاسی ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔