دنیا

آرمینیا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، فضولی شہر آزاد

شیعہ نیوز: آذربائیجان کے نائب صدر نے الزام عائد کیا کہ آرمینیا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے نائب صدر حکمت حاجی اف نے آج پیر کے روز کہا کہ گزشتہ ہفتے روس کی میزبانی میں ہونے وا لے مذاکرات کے بعد جنگ بندی کا جواعلان ہوا تھا اس پر آرمینیا نے عمل نہیں کیا اور گنجہ شہر پر اسکڈ میزائل داغ کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور اس کے بعد ہر روز تقریبا 2 ہزار میزائل داغ کر آذربائیجان کے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

آذربائیجان کے نائب صدر نے اسی طرح دعوی کیا کہ یورپ کے بعض ممالک اور مینسک گروہ کا رجحان ایروان کی جانب ہے۔

دوسری جانب آذربائیجان کے صدر الہام علی یف نے فضولی شہر کو آرمینیا کے قبضے سے آزاد کرا کے مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے آذری صدر الہام علی یف نے اعلان کیا ہے کہ ’فضولی شہر کو آرمینی قبضے سے نجات دلا دی ہے، آرمینیا کی فوج کے حملے ہماری عوام کے ارادے اور جذبات کو ہرگز نہیں توڑ سکتے‘۔

انہوں نے دو ٹوک اعلان کیا کہ ’ہم جواب میں کبھی بھی آرمینیا کے شہریوں کو نشانہ نہیں بنائیں گے بلکہ دشمن کو میدان جنگ میں ہی جواب دیا جائے گا کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ عوام کو نشانہ بنانا انسانیت کا قتل ہے جس کا ہرجانہ ادا کرنا پڑتا ہے‘۔

علی یف نے سوال اٹھایا کہ ’آرمینیا جیسے غریب ملک کے پاس ایک دم اتنا اسلحہ کہاں سے آگیا، کون ہے جو اُن کی پشت پناہی کرتے ہوئے انہیں اسلحہ فراہم کررہا ہے‘۔

آذربائیجان کے صدر نے فتح کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے فضولی شہر کو آزاد کرالیا اب یہاں پر موجود مساجد سے دن میں پانچ وقت اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوں گی۔‘

صدر علی یف نے آرمینی فوج کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری سرزمین پر سے فوری قبضہ چھوڑ دیں، اگر یہ کام ہوجاتا ہے تو جنگ بندی ممکن ہے وگرنہ ہم اپنی سرزمین ایک ایک انچ ٹکڑا بھی حاصل کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button