بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری
شیعہ نیوز: بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کے معاملے پر سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نےشیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ، حسینہ واجد اگست کے مہینے میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد اقتدار سے الگ ہو کر ہندوستان فرار ہو گئی تھیں۔
عدالتی حکم کے بعد پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے اسے ایک ’’قابل ذکر دن‘‘ قرار دیا، بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر اسلام نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو گرفتار کرنے اور 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان میں اپنے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف
شیخ حسینہ واجد کے علاوہ 45 دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں جس میں سابق وزیراعظم کے قریبی ساتھی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کئی مہینوں کی ملک گیر طلباء تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو اپنی حکومت کے معزولی کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہندوستان فرار ہوگئی تھیں۔
حکومت مخالف طلباء تحریک میں 700 سے زائد افراد ہلاک اور ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری شیخ حسینہ واجد، ان کے وزرا اور رہنماؤں پر عائد کی جا رہی ہے۔
شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی معزولی کے بعد فوج نے ملکی امور چلانے کے لیے ایک عبوری کابینہ تشکیل دی ہے جس کے سربراہ نوبیل انعام یافتہ بینکار محمد یونس ہیں۔
اس کابینہ میں محمد یونس کے علاوہ ریٹارئرڈ فوجی، طلبا تحریک کے سرکردہ رہنما اور دیگر جماعتوں کے ارکان شامل ہیں تاہم شیخ حسینہ واجد کی جماعت کا کوئی رکن شامل نہیں ہے۔