
تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کی گرفتاریاں غیر جمہوری اور آمرانہ ہیں، سنی اتحاد کونسل
شیعہ نیوز:فیصل آباد میں ضلع کونسل ہال کے سامنے احتجاجی مظاہر سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کی بلاجواز گرفتاری ملک حالات خراب کرنے کی حکومتی سازش ہے۔ حکومت نیب کے ذریعے عمران خان کو مرعوب نہیں کر سکتی۔ حکمران گرفتاریوں اور چھاپوں سے آزادی کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کی گرفتاریاں غیر جمہوری اور آمرانہ ہیں۔ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے گھبرا کر اوچھے اور وحشیانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتنا ظلم کریں جتنا کل کو برداشت کر سکیں۔ حکومت عمران خان کو زیادہ دیر پابند سلاسل نہیں رکھ سکتی۔ فاشسٹ حکمرانوں نے عمران خان کو گرفتار کرکے نیا محاذ کھول لیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا احتجاج روکنے کیلئے ریاستی طاقت کا استعمال کیا گیا تو ملک جام کر دیں گے۔حکومت اور رانا ثنااللہ ملکی حالات خراب کرنے پہ تلے ہوئے ہیں۔ پُرامن سیاسی کارکنان کی پکڑ دھکڑ غیر جمہوری رویہ ہے۔ پوری قوم عمران خان کی حامی ہے۔ عمران خان کی گرفتاری حکومت کو مہنگی پڑے گی۔