علامہ حافظ ریاض نقوی کی زہرا اکیڈمی کراچی آمد، علماء کرام کے ساتھ اہم نشست
شیعہ نیوز: زہرا اکیڈمی کراچی میں علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی آمد کے موقع پر علماء کے ساتھ نشست کا انعقاد کیا گیا۔ علامہ حافظ ریاض نقوی نے مختصر درس قرآن دیا جس میں قرآن کریم پر کام کرنے پر زور دیا اور کام کرنے کی رہنمائی کی۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مختلف بزرگ علماء کرام کا ذکر خیر کیا اور مدارس کی اہمیت و افادیت اور اس سلسلے کو جاری رکھنے پر تاکید کی، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے علامہ سید ساجد علی نقوی اور زہرا اکیڈمی کی کوششوں کو سراہا۔
نشست میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ سید رضی جعفر نقوی، علامہ فیاض نقوی، علامہ مرزا علی نگری، علامہ ذاکر مدبری، علامہ عابد عرفانی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ فیاض مطہری، مولانا اظہر زیدی، مولانا رحیمی، مولانا مقبول، مولانا منور، مولانا سجاد قائمی، مولانا مہدی رضا ایمانی، مولانا محمد حسین حسینی، مولانا سفیر، اختر زیدی، مولانا امداد علی گھلو و دیگر علماء کرام بھی شریک تھے۔
بعدازاں علامہ شبیر حسن میثمی نے علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کی زہرا اکیڈمی شریف آوری کا شکریہ ادا کیا اور حالیہ ایام میں زائرین کی مشکلات کے حل کے سلسلے میں انجام دینے والی کوششوں اور دیگر قومی امور کے متعلق گفتگو کی۔ آخر میں مولانا کرم علی حیدری کے والد مرحوم اور مرزا علی نگری کی خوشدامن کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور قوم و ملت و ادارے کی تعمیر و ترقی کے لئے دعا کی گئی۔ آخر میں علماء کرام کے اعزاز میں زہرا اکیڈمی کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا۔