پیغمبر خدا ؐکی شان میں گستاخی ناقابل قبول، سرکار سخت قدم اٹھائے، مولانا کلب جواد نقوی
شیعہ نیوز:مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی نے شرپسند عناصر کے ذریعہ پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور دین اسلام کی اہانت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سرکار سے ایسے تخریبی عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدام کا مطالبہ کیا۔
مولانا نے سرزمین ایران سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہر مذہب اور اسکی مقدس شخصیات کے احترام کا قائل ہے ۔ہم کسی بھی مذہب کے مقدسات کی اہانت اور منقصت کو خلاف شرع سمجھتے ہیں ۔
مولانا نے کہا کہ گذشتہ کچھ سالوں میں رسول خداؐ اور دین اسلام کے خلاف جس طرح زہرپاشی کی گئی ہے اس نے ملک کی فضا کو مکدر کیا ہے۔یہ اسلامو فوبیا کی بدترین شکل ہے جو ملک کے بھائی چارہ کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ ایسے تخریبی و شر پسند عناصر کو صرف پارٹی سے برخاست کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ ایسے افراد کو پیغمبر خداؐ کی زندگی اور اسلامی تعلیمات کا بالکل علم نہیں ہوتااور نہ یہ لوگ اس بارے میں مطالعہ کرنے کی زحمت کرتے ہیں۔ لاعلمی ہر فساد اور برائی کی جڑ ہے۔ یا پھر جان بوجھ کر ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر سرکار اور سپریم کورٹ کو سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔