جب تک عمران خان امریکہ اور پاکستان دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہے ہم اُس کا ساتھ دیں گے،علامہ اعجازبہشتی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی نے سابق وزیراعظم پاکستان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کی جانب سے کیا گیا ہے تاکہ حقیقی آزادی مارچ کو متاثر کیا جا سکے۔علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن عناصر کبھی بھی یہ نہیں چاہتےکہ عوام اپنی خودمختاری اور آزادی کی بات کریں۔ آج جب امریکی غلامی سے آزادی کے نعرے لگے تو پاکستان میں موجود امریکی محافظ کس طرح منظم ہوتے ہیں اور اپنے مفادات کی تحفظ کرتے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی مفادات کی خاطر ملکی سالمیت کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔لیکن ہمارا ہمیشہ سے یہ شیوہ رہا ہے کہ ہم نے ہر دور میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کی ہے۔جب تک عمران خان امریکہ اور پاکستان دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہے ہم اُس کا ساتھ دیں گے۔عمران خان نے جن افراد کو اپنے اوپر حملہ میں ذمہ دار ٹھیرایا ہے ان کو فوری مستعفی ہونا چاہیے اور مجرموں کے خلاف فوری کاروائی ہونی چاہیے۔