جب تک مسلمان تعلیمات مصطفوی (ص) پر عمل پیرا رہے ہر میدان میں کامیاب رہے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز:جشن عید میلاد النبیؐ اور ولادت امام جعفر صادقؑ کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈوالہیار کی جانب سے جشن صادقینؑ ریلی امام بارگاہ جاگیر امام رضا چمبٹر روڈ سے نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں ہوتی ہوئی امام بارگاہ حیدر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت سجادہ نشین درگاہ سید سخی موج دریا رضوی، سید قربان علی شاہ رضوی کررہے تھے۔ ریلی میں خصوصی شرکت علامہ سید باقر عباس زیدی نے کی۔ ان کے علاوہ پرویز سموں، نیاز حسین حیدری، زوار لیاقت علی کمبوہ، زوار غلام رسول لاشاری، انجمن تاجر اتحاد کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہود و ہنود مغربی طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کی غرض سے ہادی برحق حضور اکرمؐ کی ذات مبارکہ پر مختلف انداز سے حملہ اور گستاخیاں کر رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مستقبل اسلام کی عظمت اور حضور کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کا دور دورہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزماں (ص) نے غار حرا میں عالم انسانیت کو نیکی کی راہ دکھانے، سخت اور مشکل ترین حالات میں اللہ رب العزت کے حضور اقوام عالم کو ظلم اور بربریت کی ذلالت سے نکالنے کے لئے اللہ تعالیٰ سے مدد چاہی، آپ نے فاران کی چوٹی سے وہ پیغام دیا کہ جس نے قیصر و کسریٰ کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان تعلیمات مصطفوی (ص) پر عمل پیرا رہے، ہر میدان میں کامیاب رہے اور اقوام عالم کو باور کرا دیا کہ حضور کی لائی ہوئی شریعت ہی میں مسلمانوں کی فلاح اور ترقی کی ضامن ہے، جب تک مسلمان تعلیمات مصطفوی (ص) تک عمل پیرا رہے پورے عالم میں مسلمانوں کا ڈنکا بجتا رہا، ہمیں چاہیئے کہ آج بھی ہم اپنی طاقت کو پہچانیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں تو اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو حاصل کر سکتے ہیں۔