
اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے دو روزہ مرکزی ورکنگ کونسل اجلاس و مینیجمنٹ ورکشاپ
اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ مسجد جعفریہ، اسٹیل ٹاؤن کراچی میں دو روزہ مرکزی ورکنگ کونسل اجلاس و مینیجمنٹ ورکشاپ کامیابی اور روحانی جذبے کے ساتھ منعقد ہوا
شیعہ نیوز: جامعہ مسجد جعفریہ و امام بارگاہ، اسٹیل ٹاؤن کمپلیکس، گلشن حدید، کراچی میں 24 تا 25 مئی 2025ء اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام دو روزہ مرکزی ورکنگ کونسل اجلاس و مینیجمنٹ ورکشاپ کامیابی اور روحانی جذبے کے ساتھ منعقد ہوا۔ جس میں سندھ بھر سے تنظیمی، ڈویژنل و ضلعی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔
1. تنظیمی کارکردگی کا جائزہ:
اجلاس میں سہ ماہی رپورٹس پیش کی گئیں جن کی روشنی میں مختلف ڈویژنز اور اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے قیمتی تجاویز و مشورے دیے، جنہیں آئندہ کے لائحہ عمل میں شامل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایران کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون کی تقویت کا پابند ہے، وزیراعظم شہباز شریف
2. فکری و تربیتی نشستیں:
ورکشاپ کے دوران تنظیمی نظم و نسق، قیادت سازی، پالیسی سازی، ادارہ جاتی بہتری، اور فکرِ ولایت جیسے موضوعات پر سیشنز منعقد ہوئے۔ ان نشستوں سے درج ذیل محترم شخصیات نے اظہارِ خیال فرمایا:
محترم انجینئر غلام رضا جعفری
محترم فضل حسین اصغری
محترم عبدالرزاق بلوچ
محترم محمد حنیف کانھیو
محترم لطف مہدوی
محترم سینگار حسین حسینی
محترم غلام حسین جعفری (مرکزی صدر)
خصوصی خطابات:
حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شبیر حسن میثمی نے "بیداری امت میں تشیع کے کردار” پر مدلل گفتگو کی۔
ڈاکٹر زاہد حسین زاہدی نے تنظیمی کارکنان کو عصرِ حاضر کے تقاضوں، سماجی و سیاسی شعور، اور اسکلز ڈیولپمنٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: موجودہ دور کا کارکن صرف وفادار نہیں، باشعور، مہارت یافتہ اور تجزیہ نگار بھی ہونا چاہیے۔
3. روحانی و اخلاقی تربیت:
پروگرام میں قرآنِ کریم کی تلاوت سے دن کا آغاز کیا جاتا رہا، نہج البلاغہ کے خطبے اور معانی پر تدبر، اجتماعی دعائیں، اور اول وقت نمازِ باجماعت کی ادائیگی نے ورکشاپ کو معنویت سے بھر دیا۔
تربیتی نشستوں کے ساتھ ساتھ روحانی محافل اور ولائی گفتگوؤں نے شرکاء کے افکار و قلوب کو امام زمانہ (عج) کی نصرت کے لیے تیار کیا۔
4. مستقبل کی منصوبہ بندی:
اجلاس کے آخری سیشن میں آئندہ سال کے اہداف، تنظیمی پالیسیز، تربیتی منصوبے، اور دعوتی سرگرمیوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا۔ شرکاء کی قیمتی آرا سے منصوبہ بندی کو بہتر اور نتیجہ خیز بنایا گیا۔
5. روحانی و نورانی اختتام:
پروگرام کا اختتام دعائے امام زمانہ (عج) کی پُر سوز اجتماعی تلاوت سے ہوا، جس میں شرکاء نے امام عصر (عج) کے ظہور، ملتِ تشیع کی ترقی اور تنظیمی مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ شرکاء نے امامِ وقت (عج) سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے اپنے شعوری، فکری اور عملی کردار کو مزید مؤثر بنانے کا عزم دہرایا۔