اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

اس وقت صرف عوام کی زندگیوں کا سوچیں، وزیراعلیٰ سندھ کی ہاتھ جوڑ کر اپیل

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، اس وقت صرف عوام کی زندگیوں کے بارے میں سوچا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں صوبائی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں نے اتفاق کیا کہ لاک ڈاؤن میں 14 روز کی توسیع ہونی چاہیئے، سب لوگوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ لاک ڈاؤن مزید سخت ہونا چاہیئے، وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری تجاویز مانیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران کچھ محکموں میں نرمی کے حوالے سے بتاتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ صرف مخصوص شعبوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی ہے، چاروں صوبوں میں ٹرانسپورٹ اور اندرونی فضائی آپریشن بند رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کے آنے کا وقت الگ الگ ہوگا، فیکٹری یا عمارت میں ڈاکٹر اور طبی سامان موجود ہوگا، فیکٹری لائے جانے والے ملازمین کی فہرست حکومت کو دینا ہوگی، بلڈنگ کی تعمیر کے لئے بھی مزدور اور سامان کی فہرست فراہم کرنا ہوگی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں نائی، کپڑے والے کی دکان نہیں کھلے گی، پلمبر کی دکان بھی نہی کھلے گی، ٹیلر کی دکان بھی بند ہوگی، ایک دکان کھلے اور دوسری نہ کھلے ایسا نہیں ہو سکتا۔

صوبے میں ڈبل سواری پر پابندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ خواتین کے سِوا ڈبل سواری کی اجازت نہیں دیں گے، موٹر سائیکل پر تین چار بچوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی میڈیا کے افراد کے لئے بھی ہوگی، میڈیا والوں کو بھی ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا میں خود گاڑی چلاتا ہوں اور کورونا کے حوالے سے جو ایس او پیز بنائی ہیں ان پر عمل کرتا ہوں، ایک بندہ آگے ہوتا ہے اور ایک پیچھے ہوتا ہے، وزیراعظم سے بھی درخواست ہے کہ سندھ آئیں تو گائیڈ لائنز پر خود بھی عمل کریں۔ علمائے کرام کی جانب سے رمضان میں لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے اور اعتکاف کے حوالے سے بیان سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج حکومتی وفد علمائے کرام سے ملاقات کرے گا، نمازیوں کی تعداد کی بات ہے تو اس معاملے کو حل کرلیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں کورونا کا کوئی علاج نظر نہیں آرہا، ہمیں بہت زیادہ احتیاط کرنی ہوگی، لاک ڈاؤن میں شام 5 بجے کے بعد مزید سختی کی جائے گی، عوام سے اپیل ہے کہ مزید دو ہفتے گھروں پر رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button