
اسرائیلی کنیسٹ کی تحلیل کی کوشش ناکام،دہشت گرد نیتن یاھو حکومت بچ گئی
شیعہ نیوز: اسرائیل کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمان (کنیسٹ) کو تحلیل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ جمعرات کی علی الصبح ہونے والی رائے شماری میں 61 ارکان نے کنیسٹ تحلیل کرنے کے بل کے خلاف ووٹ دیا، جس سے یہ مجوزہ قانون منظور نہ ہو سکا۔
ووٹنگ سے چند لمحے قبل قدامت پسند مذہبی جماعتوں جنہیں صہیونی اصطلاح میں ’حریدیم‘ کہا جاتا ہے نے واضح کر دیا تھا کہ وہ اس بل کی مخالفت کریں گی۔ ان جماعتوں نے یہ اعلان اُس وقت کیا جب کنیسٹ کی خارجہ و سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ یولی ایڈلشٹائن نے لازمی فوجی بھرتی سے متعلق قانون پر ابتدائی معاہدے کی تصدیق کی۔
اسرائیلی اپوزیشن جماعتیں جن میں ’ییش عتید‘ کے سربراہ یائیر لپیڈ اور سابق وزیردفاع ایویگڈور لایبرمان کی جماعت ’اسرائیل بیتنو‘ شامل ہیں، نے گزشتہ بدھ کو کنیسٹ تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی لبنان پر صہیونی بمباری کے نتیجے میں ایک شہری شہید ، تین زخمی
چار جون کو "ییش عتید” پارٹی نے کنیسٹ کو تحلیل کرنے کے لیے گیارہ جون کو رائے شماری کا مطالبہ پیش کیا تھا۔
دوسری جانب ’اسرائیلی ڈیموکریٹس‘ کے سربراہ یائیر گولان نے کہا ہے کہ غزہ پر مسلط کی گئی جنگ اپنی اصل وجوہات کھو چکی ہے۔ یہ اب ایک سیاسی جنگ بن چکی ہے، جس کا مقصد صرف بنجمن نیتن یاھو کی حکومت کو بچانا ہے۔ یاد رہے کہ نیتن یاھو کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جنگی جرائم کے مقدمات کا سامنا ہے۔
اپوزیشن کی طرف سے بنجمن نیتن یاھو پر الزام ہے کہ وہ ’حریدیم‘ کو فوجی سروس سے چھوٹ دینے کا قانون منظور کروا کر اپنی حکومت کو گرانے سے بچانا چاہتا ہے، تاکہ اتحادی جماعتوں ’شاس‘ اور ’یہودت ہتوراہ‘ کو خوش رکھا جا سکے۔
قابض اسرائیل میں آخری پارلیمانی انتخابات سنہ2022ء کے آخر میں ہوئے تھے، اور اگلے انتخابات سنہ2026ء کے آخر میں متوقع ہیں، اگر قبل از وقت انتخابات نہ کرائے گئے۔
دریں اثنا، سات اکتوبر سنہ2023ء سے قابض اسرائیل، امریکہ کی سرپرستی میں، غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی ہولناک مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس درندگی میں لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید، زخمی، بھوکا، بے گھر اور در بدر کیا جا چکا ہے۔ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر یہ ظلم کھلے عام جاری ہے، حالانکہ عالمی عدالت انصاف نے اس قتل عام کو روکنے کے لیے احکامات بھی صادر کیے ہیں، جنہیں قابض ریاست نے نظر انداز کر دیا ہے۔