ملک کا اختیار عوام کے بجائے آمریت اور سامراجیت کے ہاتھوں میں رہا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہےکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، کہنے کو عوام ملک کی تقدیر کے مالک اور اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں مگر ایسا محسوس ہورہاہے جیسے ان مالکوں کے پاس اختیار تو دور کی بات، بات نانِ شبینہ سے بھی آگے بڑھ چکی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جس ملک کو فلاحی ریاست کی تجربہ گاہ بنانا تھا اسے فلاحی قوانین کی بجائے جبر، آمریت، سرمایہ داریت اور افسوس کے ساتھ سامراجیت کی تجربہ گاہ بنادیاگیا ، اقتدار کو طول دینے کےلئے کبھی اسلامی نظام کانعرہ لگادیاگیا اور کبھی عوامی حقوق کی بات دہرائی گئی لیکن عوام کو دلکش نعروں کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا، کہنے کی حد تک آئین و قانون موجود مگر عملدرآمد کا شدید فقدان، عوام مقننہ و منتظمہ و عدلیہ کی طرف دیکھتے رہے مگر ان کی حالت بدلنے پر کوئی توجہ نہ دی گئی، یہا ں تک کہ جنہیں عوام نے بڑی امیدوں کے ساتھ منتخب کیا، وہ بھی بے بسی میں ٹامک ٹوئیاں ہی مارتے رہے، جب صورتحال اس نہج پر پہنچ جائے تویہ تشویشناک امرکی نشاندہی کرتی ہے۔