دختررسول ؐ خاتون جنتؑ ، شہزادی کونین ؑ حضرت فاطمتہ الزہراسلام اللہ علیہا کی شہادت کےایام آتے ہی شہر قائد کراچی سیاہ پوش و سوگوار
دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی اب منظم انداز میں ان ایام حزن کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جانے لگا ہے ۔ شہر شہر قریہ قریہ مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا کا انعقاد ہوتا ہے ۔
شیعہ نیوز : دختررسول ؐ خاتون جنتؑ ، شہزادی کونین ؑ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کےایام آتے ہی شہر قائد کراچی کی شاہراہیں عزا اور سوگ کا منظر پیش کرنے لگیں۔
گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جمادی الاول کی 13 تاریخ آتے ہی کراچی شہر کی مرکزی شاہراہوں کو سیاہ پوش کرنے کے سلسلے کا آغاز ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مادرحسنینؑ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی شہادت کے عنوان سے روایات میں موجود 13جمادی الاول کی تاریخ سے ہی مجالس ،سوگ اور عزا کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جو کہ روایات میں موجود دوسری ممکنہ تاریخ یعنیٰ 3جمادی الثانی تک جاری رہتا ہے ۔
ان 20روز کے درمیانی عرصہ کو ایامِ شہادتِ فاطمیہؑ کے نام سے پہنچانا اور پکارہ جاتا ہے ۔ دنیا بھرخصوصاً جمہوری اسلامی ایران میں ان غم کے ایام کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منانے کا آغاز ہوا جس کا سلسلہ اب پوری دنیا میں پھیل چکا ہے ۔
دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی اب منظم انداز میں ان ایام حزن کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جانے لگا ہے ۔ شہر شہر قریہ قریہ مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا کا انعقاد ہوتا ہے ۔
جبکہ کراچی شہر میں جسے دنیا بھرمیں ایک الگ منفرد مقام اور اہمیت حاصل ہے یہاں خادمین اباعبداللہؑ وابوالفضلؑ کے نام سے معروف ایک مذہبی ادارے کی جانب سے گذشتہ چند برس سے ایک ایسے منفرد اور قابل توجہ اقدام کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کی پذیرائی پوری دنیا میں ہونے لگی ہے ۔
خادمین اباعبداللہؑ وابوالفضلؑ نے شہر کی تمام بڑی اور مرکزی شاہراہوں پر شہادت دختر رسولؐ کی مناسبت سے بڑے بڑے قدآور اور دیوہیکل سائز کے سائن بورڈز کی تنصیب کے سلسلے کا آغاز کیا جوکہ کئی برس گذرنے کے بعد الحمد اللہ آج بھی جاری ہے اور ہر گذرتے سال اس میں جدت اور اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔
خادمین اباعبداللہؑ وابوالفضلؑ کی جانب سے لگائے جانے والے اس سائن بورڈز پر امت مسلمہ کو دختررسولؐ کی شہادت کی خبر دینے کے ساتھ ساتھ اقوال پیغمبر ؑ بمناسبت شہزادی کو نینؑ کی تشہیر کا شاندار فریضہ بھی انجام دیا جارہا ہے جس سے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت سے اہل اسلام کو آگاہی حاصل ہورہی ہے اور وہ تیزی سے مکتب خیرالبریہ جعفریہ کی جانب متوجہ ہورہے ہیں۔