
ایودھیا، بابری مسجد تنازع، فیصلے کی گھڑی نزدیک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دہائیوں پرانے ایودھیا رام جنم بھومی اور بابری مسجد تنازعہ معاملہ میں فیصلے کی گھڑی نزدیک آ گئی ہے۔
سپریم کورٹ آف انڈیا نے اترپردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( ڈی جی پی) او پی سنگھ اور چیف سکریٹری آر کے تیواری کو آج جمعہ کو طلب کیا ہے۔ ڈی جی پی اور چیف سکریٹری جمعہ کو دوپہر 12 بجے سپریم کورٹ میں موجود رہیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے سے پہلے دونوں افسران سے سیکورٹی صورتحال کے حوانے سے بریفنگ لیں گے۔
فیصلے کی گھڑی کے نزدیک ہونے کی ایک وجہ یہ ہے کہ 17 نومبر کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اس لئے توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے ہفتے اس کیس میں فیصلہ آ سکتا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 یا 15 نومبر کو سپریم کورٹ ایودھیا تنازعہ پر اپنا فیصلہ سنا سکتا ہے۔ لہٰذا ریاست کے قانون وانتظام کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ڈی جی پی اور چیف سکریٹری کو عدالت عظمیٰ میں طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایودھیا میں رام مندر اور بابری مسجد معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر حکومت نے سبھی ریاستوں کو احتیاط برتنے اور امن و قانون پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
اترپردیش میں نظم ونسق کو برقرار رکھنے کے لئے ریاستی حکومت کے مطالبے پر مرکزی پولیس فورس کے تقریباً چار ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔