عزاداری کو محدود کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ عزاداری کو محدود کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ملک بھر میں ایک دفعہ پھر منظم منصوبے کے تحت عزاداروں کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کراچی وحدت ہاوس صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔
اجلاس میں سندھ کی تنظیمی، سیاسی صورتحال سمیت ایام عزاء کے دوران سندھ بھر میں مجالس و جلوس عزاء پر بلا جواز پابندیوں،عزاداران پر مقدامات سمیت چہلم امام حسین علیہ السلام پر عراق جانے والے زائرین پر وفاقی حکومت کی جانب سے کڑی شرائد عائد کرنے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما ء بشمو ل سید علی حسین نقوی،چوہدری اظہر حسن،علامہ شبیر حسین،مولانا علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن،یعقوب الحسینی،فدا حسین،ارشد اللہ،ناصر الحسینی سمیت دیگر موجود تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں عزاداری نہیں رکے گی، علی ولی اللہ کی صدائیں پہلے سے زیادہ گونجیں گی
علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ عزاداری امام حسین ؑ کے راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو ہم ملت جعفریہ کی توہین سمجھتے ہیں۔کراچی سمیت ملک بھر میں کسی بھی حصے میں عزاداری کو محدود کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، سندھ کے مختلف اضلاع میں انتظامیہ عزاداروں اور بانیان مجالس کیخلاف بلا جواز کارروائیوں میں مصروف ہیں، ہم انتظامیہ اور حکومت وقت کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ عزاداری امام حسین ؑ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اور ہم اپنے اس آئینی حق پر قدغن لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، چاردیواری کے اندر مجالس عزا پر کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہم بانیان پاکستان کے وارث ہیں۔یکم محرم لحرام سے اب تک سینکڑوں عزاداروں کے خلاف بلا جواز مقدمات قائم کئے گئے اس قسم کے سازشوں کو ہم آئینی قانونی اور جمہوری جدوجہد سے شکست دینگے۔