
اپنےگھروں پر سیاہ علم لگائیں، مساجد اور امام بارگاہوں میں صف عزاء بچھائیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ادارہ منہاج الحسینؑ پاکستان اور تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کربلا معلیٰ عراق سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا آغاز ہو چکا ہے، آج کربلا معلیٰ میں بھی سرخ پرچم اتار کر سیاہ علم لہرا دیا گیا ہے، یہ ایام عزاء کے آغاز کا اعلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مومنین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے گھروں میں عزاداری برپا کریں اور عزاداری کے قیام کیلئے بڑھ چڑھ کر خرچ کریں، دختر رسولؑ آپ کا یہ حق نہیں رکھے گی وہ اس کے عوض بہت زیادہ عطا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے گھروں پر سیاہ علم لگائیں، اپنے گھروں، مساجد اور امام بارگاہوں صف عزاء بچھائیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں عزاداران پر مقدمات کا اندراج متعصبانہ طرز عمل ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
انہوں نے کہا کہ عزاداری کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں ہمارے لئے نئی نہیں، بڑے بڑے حکمرانون نے عزداری روکنے کی کوشش کی مگر مٹ گئے اور عزاداری آج بھی زندہ ہے اور تاقیامت زندہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نام یزید آج گالی بن چکا ہے جبکہ امام حسینؑ کا نام آج بھی حریت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کی تربیت اس نہج پر کریں کہ انہیں واقعہ کربلا اور پیغام کربلا سے آگاہی حاصل ہو اور وہ بھی بڑے ہو کر قیام عزاداری کیلئے کردار ادا کریں۔
قبل ازیں ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے حافظ بشیر حسین نجفی کو پاکستان میں عزاداری کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں جہان تشیع سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔