لاہور، مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کی مشترکہ آزادی القدس ریلی کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین لاہور اور آئی ایس اولاہور کے زیر اہتمام آزادی فلسطین ریلی نکالی گئی۔
لاہور میں ریلی کا آغاز نماز جمعہ کے بعد جامعہ مسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ سے ہوا، جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے صدر حیدر ثقفی نے کی۔ ریلی کے شرکا نے مال روڈ سے گزرتے ہوئے پنجاب اسمبلی ہال تک مارچ کیا۔ تخت لاہور کی فضا امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار، کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم القدس بیدار، زندہ اور باضمیر لوگوں کا دن ہے۔ حکیم الامت، بت شکن امام خمینیؒ کے بابصیرت اور دانشمندانہ اعلان کے باعث آج دنیا کے ہر کونے سے صہیونی مظالم کیخلاف آواز بلند ہونا شروع ہو گئی ہے۔ عالمی یوم القدس کسی مخصوص مکتبہ فکر کا دن نہیں بلکہ آج کے روز دنیا بھر میں شیعہ سنی مسلمان مل کر یوم القدس منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باطل نظام حکومت اور فکر کیخلاف امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام مزاحمت کا سب سے بڑا استعارہ ہیں۔ ہم اس امام برحق کے ماننے والے ہیں، جنہوں نے فاسق وقت کی بیعت پر شہادت کو ترجیح دی۔ اسرائیل و امریکہ اس دور کے بدترین فاسق اور اسلام دشمن ہیں۔ ان کیخلاف میدان میں نکلنا حسینی ہونے کا ثبوت ہے۔ فلسطین، کشمیر اور یمن میں ظالموں اور غاصبوں کیخلاف مزاحمت کاروں کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔ بلاشمہ حماس اور جہاد اسلامی کا کردار لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کرنیوالے اسلام اور امت مسلمہ کے غدار ہیں۔ اسرائیل کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے جو کوئی اس پر سوار ہوگا ڈوبنا اس کا مقدر ہو گا۔ انہوں نے کہا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ فلسطین کے عوام کے حقوق کی بات کی ہے، وہ اسرائیل کو ایک غاصب ریاست قرار دیتے تھے، پاکستان کے حکمران بانی پاکستان کی اس فکر پر عمل کرنے کے اصولی و اخلاقی طور پر پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کر کے مظلومین فلسطین سے اپنی مذہبی وابستگی کا اظہار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا سب سے بڑا دشمن ہے، جو حکمران امریکہ کو اپنا خیرخواہ سمجھتے ہیں وہ مغالطے میں ہیں، اپنے مقاصد کیلئے مسلم حکمرانوں کو استعمال کر کے عبرتناک انجام سے دوچار کرنا امریکہ کا پرانا حربہ ہے۔ مادر وطن کی سالمیت و بقا کیلیے ملک سے امریکی مداخلت کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔
ریلی کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔