بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے، 6 اہلکار زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کے دارالحکومت بغداد میں اتوار کی رات امریکی سفارتخانے پر ہونے والے راکٹ حملے میں امریکی سفارت خانے کے 6اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے پر راکٹوں سے حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں، عرب میڈیا کے مطابق بغداد میں امریکی سفارت خانے کی جانب 5 راکٹ داغے گئے تھے، جن میں سے 3 راکٹ سفارت خانے کے اندر گرے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عراقی حکام نے حملوں میں صرف ایک شخص کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم روسی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ راکٹ حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفارت خانے سے منتقل کیا گیا۔
پانچ راکٹوں میں سے ایک راکٹ امریکی سفارت خانے کے کیفے ٹیریا میں بھی گر کر پھٹا، راکٹ حملوں کے بعد امریکی طیاروں نے سفارت خانے کے کمپاؤنڈ میں لینڈنگ کی، سفارت خانے میں ہیلی پاپٹر اترتے دیکھے گئے۔
امریکی فوج کے ایک آفیسر نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ کاتیوشا میزائل سے کیا گیا تاہم انہوں نے ہلاک اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا۔
یاد رہے کہ چند دن قبل 21 جنوری کو بھی عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون راکٹ برسائے گئے تھے، جس میں امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت کے بعد اس ایریا میں آئے دن راکٹ حملے ہو رہے ہیں۔