
بیت المقدس میں تجارتی دفتر کے قیام پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) برازیل کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی ریاست کی خوش نودی کے حصول کے لیے تجارتی مرکز کے قیام کے اعلان پر آج قاہرہ میں عرب لیگ کے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے۔
اجلاس میں القدس شہر میں برازیل کے غیرقانونی اور اشتعال انگیز اعلان کے مضمرات اور اس کے تدارک کے لیے اقدامات پرغور کیا جائے گا۔
قاہرہ اور عرب لیگ میں فلسطینی مندوب دیاب اللوح نے ایک بیان میں کہا کہ برازیل کے القدس میں غیرقانونی اقدام پرغورکے لیے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس آج جمعرات کوطلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل کا القدس میں کمرشل مرکز کے قیام کا اعلان بین الاقوامی قوانین اور عالمی قرار دادوں کی صریح نفی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برازیل کو القدس کی حساسیت کے حوالے سے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے القدس میں ایسا کوئی اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے مقدس اسلامی شہر کے تاریخی تشخص کو نقصان پہنچے۔
خیال رہے کہ برازیل نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ القدس میں ایک تجارتی مرکز قائم کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیل نے برازیل کے اس اعلان کی حمایت کی جب کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسے غیرقانونی اور اشتعال انگیز اقدام سے تعبیر کیا ہے۔