بلوچستان،TTPکا خودکش دھماکا4 اہلکار شہید، 20زخمی
شیعہ نیوز:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے خودکش دھماکا کردیا ، کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں 4؍ اہلکار شہید اور 20زخمی ہوگئے جس میں 2سویلین بھی شامل ہیں ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جوان ہزار گنجی سبزی منڈی ڈیو ٹی کیلئے آ رہے تھے۔
خودکش بمبار نے موٹر سائیکل سرکاری گاڑی سے ٹکرادی، سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں، علاقہ سیل، سرچ آپریشن جاری، وفاقی وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کر لی، خود کش بمبا ر کے جسمانی اعضا لیبارٹری روانہ کردیئے گئے ، دھماکے میں 6کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے ۔
ادھر وزیر اعظم عمران خان نے کالعدم ٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی قوتوں کی ایماء پر دہشت گردی کے منصوبے خاک میں ملانے والے محافظین اور انکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اپوزیشن رہنما شہباز شریف ،مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ مستونگ روڈ سونا خان تھانے کے قریب ایف سی کے جوانو ں پر خود کش حملے میں چار اہلکار شہید 16اہلکاروں 2 دکانداروں سمیت 18افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ایف سی چیک پوسٹ کے 20 جوان اتوار کی صبح پونے آٹھ بجے پانچ موٹرسائیکلوں اور ایک گاڑی میں سوار ہو کر ہزار گنجی سبزی منڈی ڈیو ٹی کیلئے آ رہے تھے وہ جسے ہی سونا خان تھانے کے قریب پہنچے تو ایک موٹر سائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار نائیک عبداللہ اور شفیع محمد موقع پر ہی شہید جبکہ 18اہلکار سپاہی شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٗ ایف سی اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔جہاں دو اہلکار حز ب اللہ اور حمید اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ دھماکے کے باعث جائے وقوع پر انسانی اعضا بکھرے پڑے تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق چھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جس میں بھاری مقدار میں بال بیرنگ اور کیلیں شامل تھیں۔ سی ٹی ڈی نےخود کش حملہ آور کا سر اور پائوں قبضے میں لے لیا۔ دریں اثناء خود کش حملے میں شہید ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
بعد ازاں میتیں آبائی علاقوں کیلئے روانہ کر دی گئیں ۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ کےمستونگ روڈ پرFCکی چیک پوسٹ پرٹی ٹی پی کےخودکش حملےکی شدیدمذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں کوئٹہ کےمستونگ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پرٹی ٹی پی کےخودکش حملےکی شدیدمذمت کرتاہوں۔
انہوں نے کہا ک میری ہمدردیاں شہداءکےاہلِ خانہ کیساتھ ہیں اورمیں زخمیوں کی شفایابی کیلئےدعاگوہوں۔بیرونی قوتوں کی ایماءپربننےوالےدہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملاکرہمیں محفوظ بنانےوالے اپنے محافظین کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔
دریں اثنا گورنر سید ظہور احمد آغا نے اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی اتحاد واتفاق سے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، ایک بیان میں وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ عوام دہشت گردی کی عفریت کے خلاف سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کی روح کے ایصال ثواب، بلند ی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعااور شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکہ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اسپیکر میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشتگرد اپنے بزدلانہ حملوں سے ملک کے جانثاروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، سرزمین کے دفاع کے لئے ایف سی اور سیکورٹی اداروں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔
اسپیکر نے کہا کہ پوری قوم نے اداروں کی لازوال قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دشمن کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔ اللہ تعالی شہید ایف سی اہلکاروں کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو کاملہ صحت عطا فرمائے۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہے گی۔ وزیر داخلہ نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دْعا کی ۔
صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، شرپسندی کے ایسے واقعات سے فورسز کا مورال پست نہیں ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی ٗ ،سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں ودیگر افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔