ڈاکو ریاست کی رٹ کو چیلنج کرکے قتل عام کررہے ہیں، چوہدری اظہر حسن
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری چوہدری اظہر حسن نے رونتی کے کچے کے علاقے میں ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو، سمیت پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں، شہید پولیس اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر ہے، ڈاکو ریاست کی رٹ کو چیلنج کرکے قتل عام کررہے ہیں۔
چوہدری اظہر نے کہا کہ سندھ پولیس محدود وسائل میں ان منظم ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے کی اہل نہیں، رینجرز اور فوج کی خصوصی مدد لے کر کچے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جائے، ہر دو ماہ بعد بغیر پلاننگ آپریشن کرکے جوان مروا دیئے جاتے ہیں، آپریشن میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کے جلد صحتیابی اور مغویوں کی جلد بازیابی کے لئے دعاگو ہیں۔