
زائرین امام حسینؑ پر بذریعہ سڑک پابندی ناقابل برداشت اور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جعفریہ الائنس پاکستان
شیعہ نیوز: جعفریہ الائنس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے مقدس سفر پر جانے والے زائرین پر بذریعہ سڑک پابندی ناقابل برداشت اور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی نہیں بنا سکتی وہ اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ترجمان جعفریہ الائنس نے مزید کہا کہ راستے بند کرنا، زائرین امام حسینؑ کو روکنا، ان کے حوصلے پست کرنا اور سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی حکومت کی بدترین نااہلی بےحسی کی عکاسی کرتا ہے، ہم واضح کرتے ہیں کہ اربعین امام حسینؑ کا سفر عبادت کا درجہ رکھتا ہے اور اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر زمینی راستے کھولے، زائرین کو سہولیات دے اور سیکورٹی فراہم کرے، بصورت دیگر شدید ترین عوامی ردعمل کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔