
زائرین پر پابندی سے دہشت گردوں کے سامنے ریاست کی بے بسی کا تاثر ابھرے گا،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان
شیعہ نیوز: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے حکومت زمینی راستے سے زیارات پر پابندی کا فیصلہ واپس لے، پابندی سے دہشت گردوں کے سامنے ریاست کی بے بسی کا تاثر ابھرے گا، زیارت کے سفر کو تحفظ فراہم کرکے ریاست کی طاقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے، پابندی سے غریب زائرین مقدس سفر سے محروم ہو جائیں گے، پاک فوج زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کی بھرپور طاقت رکھتی ہے، عوام اور حکومت باہمی اتحاد سے دہشت گردوں کو ناکام بنادیں گے۔
علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ زائرین امام حسینؑ کا سفرِ عشق مودتِ اہلِ بیتؑ اور معرفت حق کا عملی مظاہرہ ہے جس کے درجات و ثواب کا احاطہ ممکن نہیں۔ سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق تحفظ اور بنیادی حقوق فراہم کرے جس سے پہلو تہی کسی صورت نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے دینی و ملی حقوق کی خاطر مارشل لاء میں بھی کلمہ حق بلند کرنے کا درس آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے دیا ہے، لہذا عزاداری سید الشہداء اور سفرِ عشق زیارات مقدسہ پر کسی قدغن کو کبھی تسلیم نہیں کرینگے۔