برطانیہ کی فلسطین میں نئی اسرائیلی تعمیرات کی شدید مذمت
شیعہ نیوز : برطانوی وزیر برائے مشرق وسطیٰ کے امور جیمز کلیورلی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ’’گیواٹ ہماٹوس‘‘ کالونی میں آباد کاری عمارتوں کی تعمیر کے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
بدھ کی شام جاری ہونے والے ایک بیان میں کلیورلی نے اس بات کی تصدیق کی کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں (گیواٹ ہماٹوس) کے علاقے میں 1،257 آبادکاری کی عمارتیں تعمیر کرنے کے اسرائیلی فیصلے سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو شدید نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہم اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں جو اسرائیل کے امن کے بیان کردہ مقصد سے متصادم ہے۔ برطانیہ غرب اردن میں آباد کاری کے لیے نئے ٹھیکے جاری کرنے کے عمل کو فوری طور پر روکنے اور مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے میں دیگر مقامات پر دیگر بستیوں کی تعمیرات روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
اتوار کے روز نام نہاد ’’اسرائیل لینڈز‘‘ اتھارٹی نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ’’گیواٹ ہماٹوس‘‘ بستی میں 1257 رہائشی یونٹوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر طلب کئے تھے۔
عبرانی ویب سائٹ ’’واللا‘‘ کے مطابق بولی 25 جنوری یعنی امریکی صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کے بعد کھولی جائے گی۔