
غزوہ بدر توکل بر خُدا اور رسالتۖ کے احکام پر عمل کا واضح مظاہرہ ہے، قائد ملت
اتحاد بین المسلمین کی افادیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کی مشکلات میں ساتھ دینا چاہیے، سامراج صہیونیت کو تقویت کر رہا ہے ہمیں اُمت کو مضبوط بناناہے
شیعہ نیوز: قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فتح جنگ بدر17( رمضان المبارک) کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غزوہ بدر توکل بر خدا اوررسالتۖ کے احکام اور پالیسیوں پر صدق دل سے عمل کرنے کا واضح مظاہرہ ہے جس سے سبق ملتا ہے کہ جس طرح اصحاب بدر نے بہت کم تعداد میں ہونے اور وسائل کی واضح کمی ہونے کے باوجود حکم رسولۖ اطاعت کی اور اپنے آپ کو قربانی کیلئے پیش کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی اور یقین قلب کے ساتھ شہادت قبول کرتے رہے اسی طرح اگر اس دور کے مسلمان بھی سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ مسلمانوں کے دفاع اور اسلام کو اغیار اور دشمن قوتوں کی سازشوں اور حملوں سے بچانے کے لیے اصحاب بدر والا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کا بال بیکا نہیں کرسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: دیانتدار اور انقلابی جوانوں میں شاعری کا بڑھتا ہوا رجحان امید افزا ہے، آیتالله خامنهای
علامہ ساجدنقوی نے مزید کہا کہ محافظ رسالت حضرت علی نے جس دلیری کے ساتھ سینہ سپر ہوکر کفار اور دشمنوں کو واصل جہنم کیا یہ جذبہ ہر مجاہد اور حریت پسند کے لیے نمونہ عمل ہے۔ اتحاد بین المسلمین کی افادیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کی مشکلات میں ساتھ دینا چاہیے، سامراج صہیونیت کو تقویت کر رہا ہے ہمیں اُمت کو مضبوط بناناہے۔