
مناسکِ حج کا آغاز، منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی
شیعہ نیوز:سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، جہاں منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی جہاں لاکھوں عازمین رات کو قیام کریں گے اور رب سے گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے۔
عازمین صبح فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفہ کیلیے روانہ ہوں گے جہاں وہ خطبہ حج سُن کر ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔پاکستان کے 2 لاکھ عازمین سمیت 160ممالک سے 25 لاکھ کے قریب عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منٰی پہنچ گئے۔ جہاں ’لبیک الھم لبیک‘ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔
عازمین پیر کی رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے اور منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔حج کا رکن اعظم ”وقوف عرفہ” منگل کو ادا کیا جائے گا۔حاجی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور ظہراور عصر کی نمازیں قصر کرکے پڑھیں گے۔ دن بھر ذکراذکارکریں گے اور جبل رحمت پر جا کر اپنی اور امت مسلمہ کی بخشش کی دعائیں کریں گے ۔ https://twitter.com/insharifain/status/1673175899963793408?s=20 سورج غروب ہوتے ہی حاجی مزدلفہ چلے جائیں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھیں گے، رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔ یہاں سے ہی جمرات کو مارنے کیلیے کنکریاں جمع کریں گے،10 ذی الحج صبح فجر کے بعد واپس منٰی چلے جائیں گے جہاں رمی جمار یعنی شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور خانہ کعبہ جا کرطواف زیارہ کریں گے اور واپس منی جا کر ایام تشریق گزاریں گے۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک حج کیلیے آنے والے عازمین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
سیکیورٹی انتظامات
سعودی عرب کی حکومت اور حرمین الشریفین کی انتظامیہ نے عازمین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی کے سخت اور دیگر معاملات کے لیے بھی زبردست انتظامات کیے ہیں، عازمین کو گرمی سے بچانے کے لیے انہیں پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ جگہ جگہ پر فوارے کے ذریعے اُن پر پانی چھڑکا جارہا ہے۔
خطبہ حج کئی زبانوں میں نشر کیا جائے گا
امسال بھی خطبہ حج کو عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، چینی سمیت دیگر زبانوں میں بیک وقت نشر کیا جائے گا۔
رواں سال خطبہ حج 50 کروڑ افراد سنیں گے
حرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ اور امام کعبہ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ ہم نے 300 کروڑ افراد کے خطبہ حج کا منصوبہ بنایا تھا مگر اللہ نے ہمیں سرخرو کیا جس کے بعد رواں سال 50 کروڑ افراد خطبہ حج سُن سکیں گے۔
عرب میڈیا سے مطابق رش سے بچنے کے لیے حکومت اور انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ چالیس فیصد عازمین منٰی میں قیام کے بغیر صبح سیدھے میدان عرفات پہنچیں گے۔