
امام حسینؑ کے ماننے والے کبھی ظالم کی حمایت اور مظلوم کی مخالفت نہیں کرسکتے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام سال 1445 ہجری قمری کے آغاز کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ كربلاء میں برپا ہونے والے معرکہ حق و باطل کی یاد تازہ کرتا ہے، یہ مہینہ ہر محب اہلبیت علیہم السلام سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنے امام سے تجدید عہد کریں، امام برحق علیہ السلام کے ماننے والے کبھی ظالم کی حمایت اور مظلوم کی مخالفت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حسینی ہیں ہمارا کردار بھی حسینی ع ہونا چاہیئے، ہماری بہنوں بیٹیوں کا زینبی کردار ہونا چاہیئے، امام عالی مقام حسین علیہ السلام پوری انسانیت کے امام ہیں کسی مخصوص مسلک کا ان پر اجارہ نہیں، کربلا میں جا کر دیکھیں مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر کے علاوہ عیسائی، ہندو، سکھ اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی امام حسین علیہ السلام کو سلام پیش کرنے جوق در جوق آتے ہیں، یہ اس بلند اور عظیم کردار کو سلام ہے جس نے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہر باضمیر کو حوصلہ عطا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ریاستی اداروں سے بھی مطالبہ ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے، افغانستان کے راستے شر پسند عناصر کی آمد و رفت مختلف خدشات کو جنم دے رہی ہے، ایسی صورتحال جب دشمن تاک میں ہو قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں، ریاستی ادارے عزاداروں پر بے بنیاد مقدمات کے اندراج کی مشق دہرانے سے باز رہیں، عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے جس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔