بلاول بھٹو کی شام میں پھنسے پاکستانی زائرین کی واپسی کیلئے انتظامات کی ہدایت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگرد اسرائیلی حملوں کے سبب شام میں فلائٹ آپریشن معطلی کے باعث پھنسے پاکستانی زائرین کی فوری واپسی کیلئے انتظامات کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق دہشتگرد اسرائیلی حملوں سے شام کے دارالحکومت دمشق کے ایئرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا ہے، جس کے سبب شام میں زیارتوں کیلئے گئے 160 پاکستانی بھی محصور ہوگئے ہیں۔ پاکستانیوں کے محصور ہونے کی اطلاعات پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب شام میں قائم پاکستانی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ پھنسے تمام پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہے، تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں علامہ شہنشاہ نقوی کا دعا زہراء اور انکے والدین سے اظہار یکجہتی پر مبنی پیغام جاری
خیال رہے کہ اسرائیل نے شام میں مختلف مقامات پر فضائی حملے کئے ہیں، اس دوران دمشق ائیرپورٹ پر کئے گئے فضائی حملہ میں ٹرمنل کی ایک عمارت تباہ ہوگئی۔ اسرائیلی فضائی حملے کے باعث دمشق ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا اور متعدد مقامی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوگئیں۔