
بی جے پی نہیں چاہتی کہ غریب بچے انگریزی سیکھیں اور سوال کریں، راہل گاندھی
شیعہ نیوز: کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈران خود اپنے بچوں کو انگلینڈ بھیج کر انگریزی تعلیم دلواتے ہیں، جبکہ عوام کو انگریزی سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان کہ "ایسا وقت دور نہیں جب بھارت میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی”، کے ایک دن بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ بنایا۔
راہل گاندھی نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتے ہیں کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈران خود اپنے بچوں کو انگلینڈ بھیج کر انگریزی تعلیم دلواتے ہیں، جبکہ عوام کو انگریزی سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ سے کسی خیر کی توقع کرنا خود فریبی ہے، حافظ نعیم الرحمان
ویڈیو میں راہل گاندھی کہتے ہیں کہ اگر آپ کو انگریزی آتی ہے تو آپ امریکہ جا سکتے ہیں، جاپان جا سکتے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، وہ بی جے پی و آر ایس ایس نہیں چاہتے کہ آپ انگریزی سیکھ کر بہتر ملازمت حاصل کریں، یا دنیا سے مقابلہ کر سکیں۔
راہل گاندھی نے اپنی ایکس پوسٹ میں مزید لکھا کہ انگریزی باندھ نہیں، پُل ہے۔ انگریزی شرم نہیں، طاقت ہے۔ انگریزی زنجیر نہیں، زنجیریں توڑنے کا اوزار ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نہیں چاہتے کہ ہندوستان کا غریب بچہ انگریزی سیکھے، کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ آپ سوال پوچھیں، آگے بڑھیں اور برابری کریں۔ راہل گاندھی کے مطابق آج کی دنیا میں انگریزی اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ اپنی مادری زبان، کیونکہ یہ روزگار اور خود اعتمادی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہکی ہر زبان میں روح، ثقافت اور علم ہے اور ہمیں انہیں محفوظ رکھنا ہے، لیکن ساتھ ہی ہر بچے کو انگریزی سکھانی بھی ضروری ہے تاکہ وہ دنیا سے مقابلہ کر سکے۔
اس سے ایک روز قبل امت شاہ نے ایک سرکاری تقریب میں کہا تھا کہ جلد وہ وقت آئے گا جب انگریزی بولنے والے خود شرمندہ ہوں گے۔ امت شاہ کے مطابق کسی غیر ملکی زبان میں ہم نہ تو اپنا مذہب سمجھ سکتے ہیں اور نہ ہی تاریخ۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ غیر ملکی زبان کے سہارے ہم مکمل ہندوستان کی تعمیر کا تصور نہیں کر سکتے۔