
توہین قرآن و رسالتﷺ ناقابل قبول ہے: وفاقی وزیر انیق احمد
شیعہ نیوز:نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ توہین قرآن و رسالتﷺ ناقابل قبول ہے، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
علماء کرام کا قتل اور ان پر حملے بہت اہم مسئلہ ہے، تحقیقاتی ادارے ان واقعات میں ملوث ملزمان تک پہنچ گئے ہیں، بہت جلد قاتلوں کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی میں سابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں وہ رفتہ رفتہ کم ہو جائیں گے۔
ہمارے علما سمجھتے ہیں یہ اچھی بات ہے۔ علما سے درخواست ہے کہ قوم کو مایوسی سے نکالیں۔ حکومت وقت کی بنیادی ذمے داری ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اثرات ہم پر بھی پڑتے ہیں۔ لیکن اچھے دن آئیں گے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔