
رام اللہ کے قریب صہیونی آبادکاروں کی اندھی دہشت گردی، درجنوں گاڑیاں نذر آتش
شیعہ نیوز: مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے مشرقی گاؤں "برقہ” پر صہیونی آبادکاروں نے ایک بار پھر ظلم کی انتہا کرتے ہوئے حملہ کیا، جس میں درجنوں فلسطینی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا اور دو گھروں کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ یہ حملہ ان انتہاپسند آبادکاروں کے ایک منظم گروہ نے رات کی تاریکی میں کیا، جب گاؤں کے مکین پرامن نیند سوئے ہوئے تھے۔
گاؤں کے مقامی کونسل کے سربراہ، صایل کنعان کے مطابق، درجنوں صہیونی آبادکار برقہ گاؤں کے مغربی کنارے میں گھس آئے اور شہری محمد صابر کے سکریپ یارڈ پر دھاوا بول کر وہاں موجود گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ اس مجرمانہ کارروائی کے فوراً بعد قابض اسرائیلی فوج بھی موقع پر پہنچ گئی، مگر جلتی ہوئی گاڑیوں کو بجھانے یا مظلوموں کی مدد کے بجائے، فوج نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا راستہ روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ’اسرائیلی ایجنٹ‘ جیفری ایپسٹین جس کی ’خودکشی‘ کئی سوالات چھوڑ گئی
مقامی ذرائع نے بتایا کہ گاؤں کے بہادر مکینوں نے آگے بڑھ کر اپنے طور پر ان شدت پسندوں کا مقابلہ کیا، مگر قابض اسرائیلی فوج نے ان کی مزاحمت کو کچلنے کی کوشش کی اور ریسکیو ٹیموں کو گاؤں میں داخل ہونے سے روکا، جس کے نتیجے میں آگ قریبی جنگلات تک پھیل گئی۔
ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صہیونی آبادکار فلسطینی گاڑیوں پر آتش گیر مادہ پھینک کر انہیں جلا رہے ہیں۔ یہ مناظر فلسطینیوں کی بے بسی اور صہیونی درندگی کا ایک اور دل دہلا دینے والا ثبوت ہیں۔
حملہ آور صہیونی برقہ میں اپنے غارت گری کے بعد ایک قریبی غیر قانونی بستی "تسور ھریئل” کی جانب واپس لوٹ گئے، جب کہ گاؤں کے رہائشی شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں کہ کہیں یہ خون آشام حملے دوبارہ نہ دہرائے جائیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے اعدادوشمار کے مطابق، قابض صہیونی آبادکاروں نے صرف رواں سال کے پہلے نصف حصے میں 2153 مرتبہ فلسطینیوں پر حملے کیے۔ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 4 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ یہ درندہ صفت آبادکار کبھی دیہات پر دھاوا بولتے ہیں، کبھی بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، گھروں کو آگ لگاتے ہیں، فائرنگ کرتے ہیں، غیر قانونی بستیوں کی بنیاد رکھتے ہیں، زرخیز زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں اور سڑکوں و گاڑیوں پر یلغار کرتے ہیں۔
یہ جارحیت کفر مالک، المغیر، بیتا، سنجل اور دیگر فلسطینی دیہات میں پہلے بھی دیکھنے میں آ چکی ہے، جہاں منظم اور خون ریز حملوں کے ذریعے فلسطینیوں کی زندگی کو جہنم بنا دیا گیا ہے۔
ان مسلسل حملوں سے یہ حقیقت ایک بار پھر عیاں ہو جاتی ہے کہ قابض اسرائیل اور اس کے آلہ کار آبادکار، فلسطینیوں کو نہ صرف ان کی سرزمین سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں بلکہ ان کی روح تک جلا دینا چاہتے ہیں۔ لیکن فلسطینی عوام صہیونی ظلم، نسل کشی اور قبضے کے اس طوفان کے سامنے آج بھی سینہ تان کر کھڑے ہیں۔