ایران اور افغانستان کے مابین سرحدی جھڑپ غلط فہمی کا نتیجہ تھا: طالبان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان کے مابین سرحدی جھڑپ غلط فہمی کی وجہ سے ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح الله مجاهد نے ایران اور افغانستان کی سرحد پر پیش آنے والے واقعہ پر کہا کہ یہ واقعہ غلط فہمی کی وجہ سے رونما ہوا تاہم اس میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
طالبان حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقهار بلخی نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرحدی حکام کی کوششوں سے سرحد پر جھڑپ اب ختم ہو چکی ہے اور کوشش کی جائے گی کہ آئندہ اس قسم کا کوئی ناخوسگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی کہا ہے کہ ایران اور افغانستان کی سرحد پر طالبان اور ایرانی فورسز کے درمیان ہونے والی معمولی جھڑپ ختم ہوگئی ہے۔
ادھر ایران کے صوبہ سیستان اور بلوچستان کے سکیورٹی امور کے معاون محمد ہادی مرعشی نے کہا ہےکہ ایران اور افغانستان کے ہیرمند علاقہ میں معمولی جھڑپ ہوئی جو ختم ہوگئی اور دونوں ممالک کے سرحدی حکام اس واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائےگا۔