دنیا

برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل کو غزہ میں جارحیت نہ روکنے کی صورت میں پابندیوں کی دھمکی

شیعہ نیوز: برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے قابض اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ پر جاری نسل کشی کا خونی سلسلہ نہ روکا اور انسانی امداد کی راہ میں حائل پابندیاں ختم نہ کیں تو اسے سنگین اقدامات اور ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان تینوں ممالک کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں قابض اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنے فوجی حملے فوراً بند کرے اور امدادی سامان کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں داخل ہونے دے۔

ان کا کہنا تھا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے صرف تھوڑی مقدار میں خوراک کی اجازت دینا کسی طور بھی کافی نہیں اور یہ انسانی ضمیر کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔

برطانوی، فرانسیسی اور کینیڈین قائدین نے اسرائیلی حکومت کے بعض وزراء کی اشتعال انگیز اور نفرت آمیز زبان اور فلسطینیوں کو جبری طور پر غزہ سے بےدخل کرنے کی دھمکیوں کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : شہید رئیسی آغاز سے ہی نظام ولایت کے راستے پر ثابت قدم رہے، ایرانی چیف جسٹس

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بنجمن نیتن یاھو کی حکومت نے غزہ میں اپنی خونریز کارروائیاں بڑھائیں تو وہ تماشائی نہیں بنے رہیں گے، بلکہ سخت ردعمل دیں گے۔

غزہ کی تباہ کن صورت حال ہر گذرتے لمحے کے ساتھ بدترین ہوتی جا رہی ہے۔ پیر کی صبح قابض اسرائیلی بمباری سے مزید 23 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں سے 16 کا تعلق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس سے تھا۔

غزہ اس وقت نہ صرف بموں کی آگ میں جل رہا ہے بلکہ قحط و افلاس کا شکار بھی ہے۔ قابض اسرائیل نے غزہ پر مکمل محاصرہ مسلط کر رکھا ہے، جہاں دوا، غذا، پانی، بجلی، کچھ بھی میسر نہیں۔ ہسپتالوں کو بمباری سے تباہ کر کے طبی نظام کو مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ سب کچھ ایک منظم نسل کشی کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں معصوم شہری بھوک، پیاس اور بیماریوں کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس وحشیانہ صہیونی جارحیت میں اب تک 53 ہزار 339 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 21 ہزار 34 تک جا پہنچی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button