مقبوضہ کشمیر کو بھارتی کشمیر کہنا امریکی بدنیتی کا اظہار ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نےامریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو "بھارتی کشمیر‘‘لکھنے پر کڑی تنقید کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکہ کی شرارت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے ایسے شرپسندانہ بیانات کا مقصد خطے کے عوام میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔امریکہ کے ایسے مایوس کن بیانات ہمارے عالمی تعلقات کے ازسر نو تعین کا بھی تقاضہ کرتے ہیں۔تاریخ شاہد ہے کہ امریکہ نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے ہمیں نقصان پہنچایا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں شیعہ علماء کونسل14 فروری سے تحفظ عزا لانگ مارچ کا آغاز کرے گی
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی متنازع حیثیت مسلمہ حقیقت ہے۔اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں نے اسے بھارت اور پاکستان کے درمیان تصفیہ طلب مسئلہ قرار دے رکھا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے حقائق کے برعکس ٹوئٹ کی جس میں ”بھارت کا جموں کشمیر‘‘لکھا گیا ہے۔عالمی طاقتوں کو چاہئیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔کسی کو اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کشمیر کے حوالے سے زمینی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے کہا اس غیر سنجیدہ ٹویٹ کے خلاف ہماری حکومت کو امریکی حکام سے سخت لب ولہجہ میں بات کرتےہوئے متنبہ کرنے کی ضرورت تھی کہ کشمیر کے حوالے سے ایسا غیر ذمہ دارانہ رویہ قطعاً قابل قبول نہیں۔