
طولکرم کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کی کارروائی، 9 فوجی زخمی
شیعہ نیوز: مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے طولکرم کے مغرب میں واقع بیت لید چوراہے کے نزدیک قابض اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کے لیے آج جمعرات کی صبح ایک بہادرانہ کارروائی کی گئی، جس میں کم از کم 9 صہیونی فوجی زخمی ہو گئے۔
قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ یہ کارروائی ایک بس اسٹاپ پر اس وقت کی گئی جب صہیونی فوجی وہاں موجود تھے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت درمیانے درجے سے معمولی تک بتائی گئی ہے، جبکہ پانچ دیگر فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غرب اردن میں مزاحمتی کارروائی مقدسات کی پامالی پر فطری ردعمل ہے، حماس
قابض اسرائیلی ٹی وی چینل "چینل 12” کے مطابق، کارروائی کرنے والا ڈرائیور موقع سے کامیابی کے ساتھ فرار ہو گیا۔ قابض اسرائیلی فوج نے اس کے تعاقب میں علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور مغربی کنارے کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں، کیونکہ خدشہ ہے کہ وہ ان علاقوں کی طرف نکل گیا ہو گا۔
قابض اسرائیلی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے حملہ آور کی تلاش کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی ہے۔
یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی طرف سے جاری نسل کشی اور درندگی کے خلاف فلسطینی قوم کا غصہ اور مزاحمت دن بہ دن شدت اختیار کر رہی ہے۔
طولکرم جیسے علاقوں میں ایسے حملے قابض دشمن کو یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ فلسطینی قوم اپنی سرزمین، اپنی حرمت اور اپنے شہداء کے خون کا حساب ضرور لے گی، چاہے دشمن کتنی ہی فوجی طاقت استعمال کرے۔