نگران حکومت غیر جانبدار، پی ٹی آئی سمیت کسی کو جلسوں سے نہیں روکا، انوار الحق کاکڑ
شیعہ نیوز: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت مکمل غیر جانبدار ہے، پی ٹی آئی سمیت کسی جماعت کو جلسوں سے نہیں روکا۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت متعدد منصوبوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری کے لئے الیکشن سے قبل معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے، آئندہ ہفتوں کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کی جائے گی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت دیگر کئی ممالک مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور کویت میں 7 مختلف منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، نگران حکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا، نگران حکومت آزادانہ اور شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد میں الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرے گی، پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو سیاسی ریلی یا سرگرمی سے روکا نہیں جا رہا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پیشہ وارانہ بنیادوں پر اٹھایا گیا اقدام ہے، کونسل کی کارکردگی انتہائی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، مسنگ پرسنز کے حوالے سے پراپیگنڈا کرنے والے عناصر عالمی اداروں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کرنے کیلئے وکٹم کارڈ بھی استعمال کرتی ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے درمیان حالیہ سیاسی بیان بازی کا نگران حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارے سب کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں۔ نگران وزیراعظم نے واضح کیا کہ 9 مئی کی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں بعض لوگ جیلوں میں ہیں اور بعض عدالتی عمل کا سامنا کر رہے ہیں، ہم اس عمل کو نہیں روک سکتے۔