
اربعین کمیٹی ایران: جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے مبلغین کے اعزاز میں تقریب
اربعین امت مسلمہ کے لیے ایک منفرد موقع ہے، جو اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے درمیان محبت اور قربت کے فروغ کے لیے بہترین موقع فراہم کرتا ہے
شیعہ نیوز: مرکزی اربعین کمیٹی ایران کی جانب سے جامعہ روحانیت بلتستان کے مبلغین کے اعزاز میں تقریب ہوئی، جس میں مبلغین اربعین کی قدردانی کی گئی۔ تقریب میں نمائندہ ولی فقیہ برائے حج و زیارت حجت الاسلام سید عبدالفتاح نواب، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے نائب سربراہ حجت الاسلام خالق پور، مرکزی اربعین کمیٹی کے ثقافتی و تعلیمی شعبے کے سربراہ حجت الاسلام حمید احمدی اور جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام علی نقی جنتی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اربعین کمیٹی کے ثقافتی اور تعلیمی امور کے سربراہ حجت الاسلام حمید احمدی نے کہا ہے کہ اربعین، عوام کے امام (ع) سے تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک نادر موقع ہونے کے ساتھ بے شمار مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین امت مسلمہ کے لیے ایک منفرد موقع ہے، جو اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے درمیان محبت اور قربت کے فروغ کے لیے بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران: اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان کاظم میثم کا قرآن و حدیث انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ
انہوں نے مزید کہا کہ اربعین الہیٰ فضیلتوں اور اقدار کے اظہار کا مظہر ہے اور عوام کو امام (ع) سے جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین اہل بیت (ع) کے مکتب فکر اور عاشورا کی تعلیمات کو عام کرنے کا موقع ہے۔ اس سلسلے میں مبلغین، دانشوروں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا چاہیئے اور اس خدمت کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیئے۔ حجت الاسلام احمدی نے پاکستان سمیت دیگر دوست ممالک کے بھائیوں کے تعاون اور خلوص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اربعین ہم آہنگی، یکجہتی اور بڑے مشترکہ کاموں کے لیے تیاری کی ایک کامیاب مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعۃ المصطفیٰ کی معاونت اور حمایت کے بغیر، پاکستانی علماء، بالخصوص جامعہ روحانیت بلتستان کے 160 مبلغین کو اربعین کے دوران سرحدی راستوں اور زائرین کے قافلوں میں تعینات کرنا اور ان کے ساتھ کئی دنوں تک رہنا بہت مشکل تھا۔