لاہور، چودھری شجاعت کی ایرانی قونصلیٹ آمد، ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار تعزیت
شیعہ نیوز: سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے لاہور میں ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ایران کے صدر اور ان کے ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ آپ اپنے گھر تشریف لائے ہیں، ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام نے جس محبت کا اظہار کیا اُسے کبھی بھلا نہیں سکتے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام تعلقات کو فروغ دینے میں پُرعزم ہیں۔ ایرانی صدر کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا۔ دورہ کے دوران دونوں ممالک نے تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں صدارتی انتخابات کا مرحلہ 28 جون کو خوش اسلوبی سے طے ہوگا۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ پاکستان سے ایران کو گوشت کی درآمد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے پیمکو کے مسئلے کو حل کرانے میں ذاتی دلچسپی لینے پر چودھری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا۔ امید ہے کہ وہ اس مسئلے میں ادائیگیوں کا معاملہ حل ہونے تک ہمارے ساتھ رہیں گے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ تجارتی تعاون کو فروغ دیں گے۔ ایران کے سپریم لیڈر کی نظر میں پاکستان سے بڑھ کر کوئی ملک نہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے چودھری شجاعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمنا کرتے ہیں آپ پھر ایران کا دورہ کریں، قونصلیٹ آپ کو ہرممکن سہولت دے گا۔ اس موقع پر چوھدری شجاعت حسین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔