
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا ایرانی صدر کو خط، غزہ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز
حافظ نعیم الرحمن نے ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان کو علیحدہ علیحدہ خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں انہوں نے کہا ہے ہم اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے فلسطین کے بارے میں اجتماعی کاوشوں کے خواہاں ہیں تاکہ غزہ کے عوام کی مدد کی جاسکے اور قابض اسرائیل کے مظالم کو روکا جاسکے
شیعہ نیوز: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے مظلوم عوام کے دفاع اور فلسطینی کاز کی حمایت میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے ایران سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان کو علیحدہ علیحدہ خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں انہوں نے کہا ہے ہم اسلامی دنیا کے حکمرانوں سے فلسطین کے بارے میں اجتماعی کاوشوں کے خواہاں ہیں تاکہ غزہ کے عوام کی مدد کی جاسکے اور قابض اسرائیل کے مظالم کو روکا جاسکے۔
انہوں نے اپنے خط میں 20 اپریل کو یوم یکجہتی غزہ کے طور پر منانے اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال انسانی المیے کی حدوں سے تجاوز کرچکی ہے اور وہاں کے ہولناک حالات امت مسلمہ کے لیے ناقابل برداشت ہورہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امت میں تفرقہ پھیلانے کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، علامہ محمد حسین اکبر
خط میں حافظ نعیم الرحمن نے مزید لکھا ہے کہ میں آپ کو اس وقت خط لکھ رہا ہوں جب غزہ میں تباہ کن انسانی بحران جاری ہے۔ تباہی اور انسانی تکالیف کی شدت فوری اور متحد عالمی اقدام کی متقاضی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہولوکاسٹ، بوسنیا کی نسل کشی اور کوسوو کے تنازع جیسے شدید انسانی بحرانوں میں عالمی برادری نے انسانی وقار اور انصاف کے دفاع میں قدم بڑھایا۔
آج غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ نسل کشی سے کم نہیں۔ بے گناہ شہری، بشمول خواتین اور بچے، بے دریغ قتل کیے جارہے ہیں۔ ہسپتال، اسکول اور پناہ گاہوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے لکھا ہے کہ پاکستان کے عوام کی طرف سے ہم آپ کی حکومت اور تمام مسلم اکثریتی ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس روزمرہ قتلِ عام کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔